میں قرآن کی آیات پر غور کرتا ہوں جو مجھے سکون دیتی ہیں، انٹرویو
معروف امریکی ٹی وی سیریز ’ گوسپ گرل ‘ اور ’ یو ‘ کے اداکار پین بیجلی نے قرآن پاک پڑھنے کا انکشاف کیا ہے۔
اداکار پین بیجلی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی روحانی عادات کے بارے میں بات کی جس میں انہوں نے قرآن پاک کو اپنے بستر کے قریب رکھنے اور اس کی آیات پر غور کرنے کا انکشاف کیا۔
38 سالہ اداکار نے یو ایس اے ٹوڈے کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ان کے نائٹ اسٹینڈ پر قرآن پاک موجود ہوتا ہے اور وہ اکثر اس کی آیات پڑھتے اور ان پر غور کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا یہ حقیقت ہے کہ میرے نائٹ اسٹینڈ پر قرآن ہے، میں اس کی آیات پر غور کرتا ہوں، جو مجھے سکون دیتی ہیں۔
پین بیجلی نے قرآن کے علاوہ اپنے بہائی عقیدے کی لمبی فرض نماز پڑھنے کا بھی ذکر کیا جسے وہ روزانہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس نماز کو پڑھنے میں عام طور پر 15 منٹ لگتے ہیں لیکن انہوں نے اسے حفظ کر لیا ہے اور اب 9 منٹ میں مکمل کر لیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دعا ان کے دن کا آغاز امن اور نیت کے ساتھ کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بہائی عقیدے کے پیروکار ہیں جو تمام مذاہب کی وحدت پر یقین رکھتا ہے اور قرآن پڑھنا ان کے لیے عالمگیر حکمت کی تلاش کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ پین بیجلی نے 2017 میں امریکی گلوکارہ اور اداکارہ ڈومینو کرک سے شادی کی تھی اور جوڑے کا ایک 4 سالہ بیٹا ہے جبکہ وہ جلد جڑواں بچوں کے والدین بننے والے ہیں۔