ہمارے شاہینوں نے احتیاط سے کام لیا ورنہ 10 جہاز گراسکتے تھے، شہبازشریف
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان نے دشمن کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا ہے، افواج پاکستان نےحملے کا جواب دے کرتار یک رات کو چاندنی رات بنادیا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ بھارتی حملے میں بچے، خواتین اور مرد شہید ہوئے، اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت الفردوس میں جگہ عطافرمائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پہلگام مقبوضہ کشمیرہندوستان کےناجائزقبضےمیں ہے، پہلگام میں افسوسناک واقعہ ہوا اور10منٹ میں ایف آئی آر درج ہوئی، ہندوستانی میڈیا، سیاستدانوں، اینکرز نے پاکستان پرالزامات کی بوچھاڑ کردی، دنیا کو یہ باور کرانے کی کوشش کی گئی کہ واقعہ میں پاکستان ملوث ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل بلوچستان میں دہشتگردوں نےٹرین ہائی جیک کی، بی ایل اے کے ساتھ ٹی ٹی پی،ان کے حمایتیوں کے تانے بانےبھارت سے ملتے تھے، بھارت کےتانے بانے کے ناقابل تردید ثبوت ہمارے پاس موجودہیں، بھارت کوجعفرایکسپریس واقعہ کی مذمت کی توفیق نہیں ہوئی، بھارت نےسنگدلی کے ساتھ جعفرایکسپریس واقعہ کامذاق اڑایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کاکول میں واشگاف انداز میں کہا پاکستان کا پہلگام واقعہ سےکوئی تعلق نہیں، میں نےکہا اگرکسی کوشک ہے تو انٹرنیشنل کمیشن بنانےکی پیشکش کرتے ہیں، کہاتھا کہ پاکستان انٹرنیشنل کمیشن کے ساتھ تحقیقات میں تعاون کرےگا مگر بھارت نے ہماری پیشکش کوقبول نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہر روز اطلاع ملتی تھی آج ہندوستان کے جہاز پاکستان پرحملہ آور ہونگے، افواج پاکستان24گھنٹے تیار تھیں کہ دشمن کے جہاز سمندر میں پھینک دیں، بھارت رافیل طیاروں پر بڑا نازکرتا ہے، ایئرچیف کوایوان،اپنی،24کروڑ عوام کی طرف سے سلام پیش کرتاہوں، پاک فضائیہ نے ہندوستانی جہازوں کا کمیونکیشن سسٹم لاک کردیا، ہندوستان کے80جہاز حملے میں شریک تھے، 6 پاکستانی شہروں پرحملہ کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے کل رات پاکستان کو عظیم فتح عطا کی، ہمارے عقاب جھپٹے اور 3 رافیل طیارے مار گرائے، پاکستانی جہازوں نے ہندوستان کی سرحدوں کو عبور نہیں کیا، ہمارے شاہینوں نے احتیاط سے کام لیا ورنہ10جہاز گراسکتے تھے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج وقت ہے سپہ سالاروں، افسروں کو سلام پیش کریں، شہیدوں نے اپنے خون سے پاکستان کی آبیاری کی، ہمارے دشمنوں کوکل رات نیندنہیں آئی، اس سے زیادہ اکٹھے ہونے کا کوئی شاندار موقع نہیں ہوسکتا، پی ٹی آئی والے بھی آئیں اور اکٹھے ہوکر پاکستان کوعظیم بنائیں۔ اپنےبہن بھائیوں کےساتھ مل کربیٹھنے کو تیار ہوں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہمارےدوستوں کو پتا چل گیاپاکستان کی فوج فولادی ہے، دوستوں پربراوقت آیاتووہ بھی پاکستان کی طرف مدد کیلئے دیکھیں گے۔